• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف میچز میں وکٹ لینے کے اپنے منفرد اسٹائلز کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔

پی ایس ایل میچز ہوں، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ ہو یا بی بی ایل، حارث رؤف وکٹ لینے کے منفرد انداز کے باعث خبروں کی زینت ضرور بنتے ہیں۔

حارث رؤف نے اس سیزن میں بھی چند میچز کے لیے بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کی ، ایک میچ کے دوران فاسٹ بولر حارث رؤف کا ایک منفرد اسٹائل خاصا مشہور ہوا۔

انہوں نے وکٹ لے کر جشن منانے کے اسٹائل میں ہاتھ کو سینی ٹائزر اور ماسک لگانا شامل کیا جسے بہت پزیرائی ملی۔

آسٹریلیا سے وطن واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بتایا کہ بگ بیش لیگ کھیلنے کا تجربہ اچھا رہا ، میلبرن اسٹارز کی ٹیم کوویڈ کیسز سے بہت متاثر ہو ئی ، کوشش کی کہ میلبرن اسٹارز کی توقعات پر پورا اتروں ۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے بہت کیسز بڑھ رہے تھے ایک دن میں نے سوچا کہ اس حوالے سے آسٹریلوی باشندوں کو آگاہی دینی چاہیے اور اس طرح میں نے جیب میں ماسک رکھا اور وکٹ لینے کے بعد جشن منایا اور بتایا کہ موجودہ حالات میں ہاتھ سینی ٹائز کرنا اور چہرے پر ماسک لگانا بہت ضروری ہے ۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ یہ اسٹائل پسند کیا گیا ، یہ آگاہی پیدا کرنے کے لیے میری طرف سے ایک معمولی سی کوشش تھی

پی ایس ایل سیون کے لیے بھی حارث رؤف لاہور قلندرز کا حصہ ہیں ، حارث رؤف کہتے ہیں کہ لاہور قلندرز کو اس مرتبہ ٹرافی جتوانے کی کوشش کریں گے ،ہماری بولنگ اچھی ہے ۔ شاہین شاہ آفریدی اور راشد خان بولنگ لائن اپ میں شامل ہیں، اپنے لیگز کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

حارث رؤف نے اپنے قریبی دوست شاہین آفریدی کے لاہور قلندرز کے کپتان بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی دوست گراؤنڈ سے باہر ہیں ، گراونڈ میں ساتھی کھلاڑی اور اب کپتان ہیں، ان کے کپتان بننے سے خوشی ہو ئی ہے مکمل سپورٹ کریں گے اور سو فیصد دے کر انہیں کامیاب کریں گے، شاہین آفریدی ایک اچھے بولر تو ہیں ہی اب ایک کامیاب کپتان بھی ثابت ہو ں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی متحرک کپتان ہیں وہ بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں اور اچھا کرنا چاہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پی ایس ایل 7 کے لیے وقت سے پہلے کیمپ لگایا تاکہ کھلاڑی مکمل تیار ہوں اور ایونٹ میں اچھا پرفارم کریں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید