• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک جاپان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کا جشن، کراچی میں دو اہم تقریبات

پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کا جشن منایا گیا، اس موقع پر کراچی میں قونصل خانہ جاپان اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے تحت 2 اہم تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

اس سلسلے کی پہلی تقریب پاکستان کے ساتھ کام کرنے والی 21 ملٹی نیشنل جاپانی کمپنیوں کی مقامی ہوٹل میں نمائش کا انعقاد تھا۔

اس نمائش کا افتتاح مہمانِ خصوصی قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسومورا اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین کلیم فاروقی نے کیا۔

اس موقع پر جاپانی قونصل جنرل نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت اچھا موقع ہے کیونکہ ہم نے پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کر لیے ہیں اور میں واقعی مزید اچھے تعلقات کی امید کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے تعلقات کے لیے پاکستان اور جاپان نے جاپانی امن معاہدے کی توثیق کے صرف 10 دن بعد 18 اپریل 1952ء کو باقاعدہ سفارتی مشن قائم کیا، اس سلسلے میں پاکستان نے جاپان کے ساتھ 1948ء سے سفارتی اور تجارتی روابط قائم کیے۔

قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسومورا نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت 80 سے زائد جاپانی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جو 10 ہزار سے زائد گھرانوں کو روزگار فراہم کر رہی ہیں اور سالانہ 60 ارب روپے ٹیکس کے ذریعے سرکاری خزانے کی مدد کر رہی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صنعتی شعبے میں جاپان تمام معروف جاپانی برانڈز کے ساتھ گاڑیوں کے شعبے میں اپنی موجودگی کے ساتھ سرِفہرست ہے۔

اس سلسلے کی دوسری تقریب مقامی ہوٹل میں عشائیے کی تھی جس میں پاکستانی اور جاپانی کاروباری شخصیات نے شرکت کی، اس شاندار ایونٹ کے آرگنائزر خرم جعفرانی تھے۔

قومی خبریں سے مزید