وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے ایم کیو ایم کے خلاف ایکشن لینے کی وجہ پی ایس ایل ٹیموں کے ہوٹل میں ٹھہرنے کو قرار دیا ہے۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی طرح کے احتجاج کےخلاف نہیں، پی ایس ایل کے کئی کھلاڑی سی ایم ہاؤس کے اطراف ہوٹلوں میں ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ خبردار کیا گیا تھا سیکیورٹی کے باعث سی ایم ہاؤس کے اطراف نہ جائیں، صورت حال ایسی ہوگئی کہ پولیس کو ایکشن لینا پڑا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ جماعت اسلامی کے ساتھ بھی مذاکرات کر رہی ہے، جہاں بین الاقوامی کھلاڑی ٹھہرتے ہیں وہاں ہائی سیکیورٹی ہوتی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم، پی ٹی آئی کا مقصد عوامی ایشوز سے توجہ ہٹانا ہے، ایم کیو ایم ریلی پریس کلب چلی جاتی تو یہ صورتحال نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کا علاقہ بھی ریڈ زون ہے لیکن وہاں ایسی کارروائی نہیں ہوئی۔