پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ٹریفک جام کے باعث پی ایس ایل کی ٹیموں لاہور قلندر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو لیاری ایکسپریس وے سے ہوٹل پہنچایا گیا۔
بلدیاتی قانون کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دے دیا۔ پولیس ایم کیو ایم کے کارکنوں کو وزیراعلیٰ ہاؤس جانے سے روکنے کی کوشش ناکام رہی۔
دھکم پیل کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنان خالد مقبول صدیقی، عامرخان، کنور نوید اور دیگر کی قیادت میں وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے۔
دھرنے کے باعث ارد گرد سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا، پی ایس ایل کی ٹیموں لاہور قلندر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لیاری ایکسپریس وے سے ہوٹل پہنچایا گیا۔
ایم کیو ایم کی غیر اعلانیہ ریلی کے باعث شارع فیصل پر چار گھنٹے سے زیادہ ٹریفک جام رہا۔
بلوچ کالونی کازوے، ڈیفنس کالاپل، طارق روڈ، لسبیلہ چوک، تین ہٹی، پاک کالونی، گارڈن، ناظم آباد اور گرو مندر کے اطراف بھی ٹریفک متاثر رہا۔
ایم کیو ایم کے کارکنوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے اطراف وال چاکنگ کردی، جس کے بعد پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ کی گئی، جس میں ایم پی اے صداقت حسین کے ساتھ دیگر افراد بھی زخمی ہوگئے۔