• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران صاحب کی جعلسازی کا ناقابل تردید ثبوت سامنے آگیا، مریم اورنگزیب


مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کی جعلسازی کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت سامنے آگیا۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن کی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت لائیو دکھانے اور ریکارڈ سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ڈونرز کو بطور پارٹی ڈونر اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں ڈالنا خوفناک انکشاف ہے، 35 فیصد ڈونرز نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کو چندہ نہیں دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جعلسازی سے ان 35 فیصد ڈونرز کی فہرست کو فارن فنڈنگ کی فہرست میں ڈالا گیا، عمران صاحب نے خیراتی ادارے کو منی لانڈرنگ اور سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران صاحب نے شوکت خانم کے چندے کو سیاسی فنڈز میں بدل کر جرم کیا، فارن فنڈنگ کیس میں 8 والیمز اِسی لئے چھپائے جارہے ہیں۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان نے کہا کہ کرپشن، منی لانڈرنگ، غیرملکی غیرقانونی سرمائے کی تفصیل خفیہ رکھی جارہی ہے، الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق اسٹیٹ بینک سمیت تمام دستاویزات کو پبلک کیا جائے۔

ترجمان نون لیگ نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب نے پارٹی ملازمین کے نجی اکاؤنٹس میں رقوم منگوائیں، وزیر اعظم کے غیرملکی بینکوں میں اکاؤنٹس کی تفصیل آناباقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن روزانہ کی بنیاد پر فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرے، زیرالتوا مسئلے پر قانون اور انصاف کے تقاضے بلا تاخیر پورے کیے جائیں۔

قومی خبریں سے مزید