سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ کیچ میں 10 فوجی جوانوں کی شہادت کا سن کر دل بہت افسردہ ہے۔
ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ وطن کی محبت میں جان قربان کرنے والے بہادر جوانوں اور ان کے خاندانوں کوسلام ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اللّٰہ شہدا کو جزا عطا فرمائے اور ان کے پیاروں کو صبر جمیل دے، آمین۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 10 جوان شہید ہو گئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر یہ حملہ 25 اور 26 جنوری کی درمیانی رات کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، جبکہ کلیئرنس آپریشن میں 3 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے ہیں۔