• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فیصل آباد،وہاڑی(ایجنسیاں،نمائندہ جنگ) جھنگ سے22کلومیٹر دور بھکر خوشاب روڈ پر تیز رفتار بس اور ٹرک کے تصادم میں 13مسافر جاں بحق  اور 16زخمی ہوگئےجبکہ وہاڑی میں ریلوے لائن کراس کرتے ہوئے تین بھائی ٹرین کی زد میں آ کرجاں بحق ہوگئے۔تفصیل کےمطابق ریسکیو1122کے مطابق مسافر بس کراچی سے چکوال جارہی تھی کہ جھنگ سے 22کلومیٹر دور بھکر خوشاب روڈ پر منڈی شاہ جیونہ کے نزدیک مخالف سمت سے آنے والے تیزرفتار ٹرک سے ٹکرا گئی اور 13مسافر جاں بحق جبکہ 16زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں محمد آصف، ارشد عرف کالا، بخشش علی، محمد نعمان، محمد بابر، اصغر علی، محمد اظہر، محمد اکرم، شیر علی، محمد کامران، شکیل احمد، حافظ نزاکت علی اور شیر عباس شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال جھنگ منتقل کردیا، زخمیوں میں کلثوم بی بی، ماریہ، سجاد علی شاہ، محمد سلیم، صادق علی، امیر خان، محمد مسنجف، موسیٰ خان، علی احمد، مدثر حسین، محمد ہمایوں، نادر علی، امجدعلی وغیر شامل ہیں جن میں سے محمد سلیم، صادق علی، موسیٰ خان، مدثر حسین اور محمد ہمایوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہےجن کو الائیڈ ہسپتال فیصل آبادمنتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ٹرک ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا،مزید تفتیش جاری ہے۔ زخمی مسافروں نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریت کے طوفان کے باعث سامنے سے آتا ٹریفک صاف نظر نہیں آرہا تھا،اس کے باوجود بس ڈر ائیور نے بس کی رفتار کم نہیں کی اورحادثہ پیش آگیا۔
تازہ ترین