کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ میں آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں محدود تعدا د میں تماشائیوں کو میچ دیکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تعداد کتنی ہو گی اس کا ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔ اومی کرون کے باعث سب کی صحت اور حفاظت کے لئے فیصلہ کیا گیا ہے ۔کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے باوجود منتظمین کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں ویمنز ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق مارچ میں ہی ہو گا ۔ ویمنز ورلڈ کپ مارچ اپریل میں کھیلا جانا ہے، نیوزی لینڈ میں کوویڈ کے پروٹوکولز سخت کر دیے گئے ہیں۔ ٹیموں کو مینیجڈ آئسولیشن میں رہنا ہے۔ ایونٹ کے انعقاد پر نیوزی لینڈ حکومت اور آئی سی سی کو اعتراض نہیں ہے۔ دریں اثنا پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے جہاں وہ میگا ایونٹ کیلئے ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی۔