پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ نے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کو کلین چٹ دے دی۔
فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا کہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پاس ہونے پر اگر کسی کا قصور ہے تو وہ سینیٹر دلاور خان ہے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ اس بار تو ووٹ بھی پورے تھے، لیکن حکومت نے غیر پارلیمانی روایت اپنا کر بل پاس کروایا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے دعویٰ کیا کہ بل پاس ہونے سے اسٹیٹ بینک اب کسی کو جواب دہ نہیں رہا۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فنڈز کے ذریعے چیئرمین پی ٹی آئی کرپشن کرتے ہیں اور ان کی اے ٹی ایم بھی کرپشن میں ملوث ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز سینیٹ نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کر لیا تھا، بل کے حق میں 43 اور مخالفت میں 42 ووٹ آئے تھے۔
بل کی منظوری کے وقت اپوزیشن لیڈر یوسف گیلانی سمیت حزب اختلاف کے 8 اور حکومت کے 4 ممبران ایوان سے غیر حاضر تھے۔