سابق وزیراعظم اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی نے سینیٹ اجلاس میں یوسف رضا گیلانی کی عدم شرکت کی وجہ بتادی۔
قاسم گیلانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے رات گئے سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا جاری کیا۔ یوسف رضا گیلانی نور ربانی کھر کی رسم قل میں شرکت کے لیے ملتان میں موجود تھے۔
قاسم گیلانی نے کہا کہ حکومت کو علم تھا کہ آج نور ربانی کھر کی رسم قل ہے اس کے باوجود رات گئے ایجنڈا جاری کیا گیا، نور ربانی کھر کی رسم قل میں شرکت کے لیے یوسف رضا گیلانی ملتان میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی کیلئے صبح 10 بجے اسلام آباد پہنچنا ممکن نہیں تھا۔
قاسم گیلانی نے کہا کہ حکومت کے غیر آئینی اور غیرپارلیمانی اقدامات کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹ نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کر لیا، بل کے حق میں 43 اور مخالفت میں 42 ووٹ آئے۔
اے این پی کے عمر فاروق کانسی بل کی منظوری کے وقت ایوان سے نکل گئے، اپوزیشن کے دلاور خان نے حکومت کو ووٹ دیا، پی ٹی آئی کی ڈاکٹر زرقہ طبیعت خرابی کے باعث ایوان میں آکسیجن سلینڈر کےساتھ آئیں، جبکہ بل کی منظوری پر ایوان میں اپوزیشن کے نعرے، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔
بل منظور ہونے کے بعد وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ایوان بالا میں تحریک انصاف کے اراکین کو مبارک باد دی اور کہا کہ قومی مفاد کی نگہبانی کے علاوہ پاکستان میں سیاست کا دوسرا کوئی راستہ اب باقی نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی مداخلت کے متعارف کردہ کلچر نے ریاستی و حکومتی اداروں کی قوت کو تباہ کیا، ایوانِ بالاکی آج کی کارروائی کے بعد حزب مخالف ’’ان ہاؤس‘‘اور ’’آؤٹ ڈور‘‘ شرارتیں ترک کرے۔