شائقین کرکٹ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کےمیچ میں راشد خان بمقابلہ بابر اعظم کے منتظر تھے۔
افغان لیگ اسپنر راشد خان ٹاپ کلاس بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھانے کے لیے مشہور ہیں اور قلندرز نے انہیں ایسا ہی کرنے کے لیے منتخب کیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے میچ کے دوران محمد حفیظ نے شرجیل خان کو 60 رنز پر آؤٹ کیا، اس کے بعد راشد خان نے بھی کراچی کے کپتان بابر اعظم کو 41 رنز پر آؤٹ کرکے قلندرز کی فتح کو یقینی بنایا۔
لاہور قلندرز کے راشد خان نے میچ کے 15ویں اوور کی چوتھی گیند پر کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کو گوگلی کروائی۔ بابر کھیلنے کے لیے ایک گھٹنے کے بل بیٹھے لیکن گیند نیچے سے آف اسٹمپ سے ٹکرا گئی۔
پی ایس ایل کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس شاندار وکٹ کی ویڈیو شیئر کی گئی اور ساتھ لکھا گیا کہ ’راشد خان کا جادو چل ہی گیا۔‘
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بابر اعظم نے افغانستان کے خلاف نصف سنچری اسکور کی تھی لیکن اس کے باوجود راشد خان نے ان کی وکٹ حاصل کر لی تھی۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل میں اتوار کو دوسرے میچ میں لاہور قلندر نے اوپنر فخر زمان کی خوبصورت اور دھواں دار سنچری کی مدد سے کراچی کنگز کو چھ وکٹ سے شکست دی، یہ موجودہ ایونٹ میں قلندرز کی پہلی فتح ہے۔