پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچ میں اسٹیڈیم میں پی ایس ایل ترانے پر رقص کرنے والے واصف کا کہنا ہے کہ میں کراچی کنگز کا سپورٹر ہوں۔
پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام میں کرکٹ کے متوالے واصف نے کہا کہ انجوائے کرنے آئے تھے، میوزک بج رہا تھا تو سوچا ڈانس کیا جائے، میوزک کا لطف اٹھایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں کرکٹر ہوں اور کرکٹ کو ہی سپورٹ کروں گا، پی ایس ایل کا ایونٹ کوئی بھی جیتے پاکستان ہی جیتے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی فیورٹ ٹیم کراچی کنگز ہے۔
واصف نے کہا کہ کراچی کنگز کے لیے یہ پیغام ہے کہ ایک ہو کر جذبے سے کھیلیں، تو جیت ہماری ہوگی۔
کرکٹ کے متوالے واصف نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ میں ہر طرح کا ڈانس کرسکتا ہوں، چاہے بلوچی ہو، بھنگڑا ہو، جو ڈانس بولیں وہ کروں گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے پی ایس ایل کے حوالے سے کئے گئے انتظامات اور میچز کی تعریف بھی کی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اسٹیڈیم میں موجود ایک نوجوان کرکٹ کے متوالے واصف کے آفیشل پی ایس ایل ترانے پر ڈانس کی ویڈیو شیئر کی گئی تھی۔
نوجوان کے ڈانس مووز نے وہاں بیٹھے لوگوں کی توجہ تو اپنی جانب مبذول کروا ہی لی تھی لیکن سوشل میڈیا پر بھی اس ڈانس ویڈیو کے خوب چرچے ہیں۔
سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی ویڈیو میں موجود واصف کا تعلق میر پور خاص سے ہے۔
خیال رہے کہ 27 جنوری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل کے سنسنی خیز میچز ایک ماہ تک جاری رہیں گے، پی ایس ایل کا فائنل 27 فروری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔