قائدِ اعظم ٹرافی فائنل کے چوتھے روز کے اختتام پر سیالکوٹ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 12 رنز بنا لیے۔
اذان اویس 7 اور محمد ہریرا 5 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، کراچی بلیوز نے سیالکوٹ کو جیت کے لیے 533 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کراچی بلیوز نے دوسری اننگز میں 458 رنز بنائے تھے، کراچی بلیوز کے ہارون ارشد 116 اور عبداللّٰہ فضل 114 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سیالکوٹ کی جانب سے اسامہ میر نے 5 وکٹیں حاصل کیں، محمد حسنین نے 3، حمزہ نذر اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کراچی بلیوز نے پہلی اننگز میں 340 رنز بنائے تھے، جبکہ سیالکوٹ نے پہلی اننگز میں 266 رنز اسکور کیے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کر لیے۔ انہوں نے قائدِ اعظم ٹرافی فائنل میں 76 رنز کی اننگز کھیل کر یہ سنگِ میل عبور کیا۔
شان مسعود 13 ہزار فرسٹ کلاس رنز بنانے والے پاکستان کے 31ویں بیٹر ہیں۔