• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کل نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگی

کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ ہفتے کو کراچی میں لگے گا، نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب نیشنل بینک اسٹیڈیم رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مہمان خصوصی ہونگے جو نیشنل گیمز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کریں گے۔

تقریب میں پاکستان اور سندھ کی اہم شخصیات شریک ہونگی۔ صوبائی وزیر کھیل اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سردار محمد بخش خان مہر کے احکامات کی روشنی میں افتتاحی تقریب کے بھرپور اور یادگار انعقاد کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں جس کا گزشتہ روز انہوں نے خود نیشنل اسٹیڈیم جاکر جائزہ بھی لیا۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ ارشد ندیم افتتاحی تقریب میں نیشنل گیمز میں شریک تمام ایتھلیٹس کی جانب سے حلف اٹھائیں گے جبکہ اس سے قبل نیشنل گیمز کی مشعل ملک بھر کا سفر طے کرنے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں لائی جائے گی۔

مشعل کو نیشنل اسٹیڈیم لانے والے ایتھلیٹس میں ساؤتھ ایشین گیمز گولڈ میڈ لسٹ نسیم حمید کے علاوہ متعدد ہاکی اولمپئنز اور دیگر کھیلوں کے معروف نام شامل ہیں۔ 

افتتاحی تقریب میں سندھ کی روایتی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا جس کے بعد میوزیکل پروگرا م اور آتش بازی کا بھی مظاہرہ ہو گا، حدیقہ کیانی اور علی ظفر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ 

نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی کی ٹیم اپنی ٹرافی اور اعزاز کا دفاع کرے گی۔ان کھیلوں میں آرمی، واپڈا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان نیوی، پاکستان ایئر فورس، پولیس اور پاکستان ریلوے جبکہ چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور اسلام آباد کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔

نیشنل گیمز کے لئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جانب سے دی گئی جنرل ٹرافی کے حصول کے لیے سات محکموں سمیت چاروں صوبوں، وقافی دارالحکومت، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔

محکمہ جاتی ٹیموں میں پاکستان آرمی، واپڈا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان نیوی، پاکستان ایئر فورس، پاکستان ریلویز اور پولیس شامل ہیں۔ کراچی 18 سال بعد اور آٹھویں بار نیشنل گیمزکی میزبانی کر رہا ہے۔ کراچی نے 1948 میں پہلے نیشنل گیمز کی میزبانی بھی کی تھی جس کا افتتاح بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کیا تھا۔

کراچی نے 1970، 1976، 1980، 1988، 1996 اور 2007 میں بھی نیشنل گیمز کی میزبانی کی۔ تقسیم ہند کے بعد پاکستان میں پہلے نیشنل گیمز 23 تا 25 اپریل 1948میں پولو گراؤنڈ کراچی میں منعقد ہوئے تھے، ان گیمز کا افتتاح بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کیا تھا۔

پنجاب کے ایتھلیٹس نے پہلے نیشنل گیمز کی ٹرافی ”چیلنج شیلڈ“ جیتی، یہ ٹرافی قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے ذاتی فنڈز سے پہلے نیشنل گیمز کے منتظمین کو دی تھی جسے بعد میں قائد اعظم ٹرافی کے نام سے موسوم کر دیا گیا اور ہر نیشنل گیمز کے فاتح دستے کو یہی ٹرافی دی جاتی ہے۔

کوئٹہ میں 2023 میں منعقدہ 34ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب میں سندھ کو 35ویں نیشنل گیمز الاٹ کیے گئے تھے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی مشترکہ کاوشوں سے 1948سے لے کر 2023 تک مجموعی طور پر 34 نیشنل گیمز منعقد کئے جا چکے ہیں۔ 

پاکستان آرمی کو سب سے زیادہ 28 بار نیشنل گیمز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اب تک نیشنل گیمز لاہور میں دس بار، کراچی اور پشاور میں سات سات بار، ڈھاکہ میں چار بار، کوئٹہ میں چار بار، فیصل آباد اور ساہی وال میں ایک ایک بار منعقد کئے جا چکے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید