• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل میں بطور کپتان زیادہ میچز کھیلنے والا کون؟

بطور کپتان زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد سرفہرست
بطور کپتان زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد سرفہرست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون میں ہونے والے سنسنی خیز میچز سے شائقینِ کرکٹ لطف اندوز ہورہے ہیں، دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے رواں ایڈیشن میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان سپر لیگ میں بطور کپتان سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ملتان سلطانز کی جانب سے 175رنز کا ہدف دیا گیا تھا، مگر سرفراز احمد الیون 168 رنز تک محدود رہی۔

اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اب تک 28 کھلاڑیوں نے بطور کپتان اپنے فرائض سر انجام دیئے ہیں، جن میں10 غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

2016 سے شروع ہونے والی اس لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے علاوہ باقی سب فرنچائز نے اپنے کپتان تبدیل کئے ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اب تک کھیلے گئے ایڈیشن کے میچز پر ایک نظر ڈالی جائے تو اعداد و شمار یہ بتاتے ہیں کہ بطور کپتان زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سرفراز احمد سرفہرست ہیں، عماد وسیم دوسرے، ڈیرن سیمی تیسرے، شعیب ملک چوتھے اور مصباح الحق اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

سرفراز احمد

سرفراز احمد بطور کپتان پی ایس ایل میں اب تک 65 میچز کھیل چکے ہیں، ان کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

سرفراز کی کپتانی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 65 میچز میں سے 33 میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ31 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ایک میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوا۔

عماد وسیم

پاکستان سپر لیگ میں عماد وسیم وہ دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے بطور کپتان زیادہ میچز کھیلے ہیں، کراچی کنگز نے 2018 میں پہلی مرتبہ عماد وسیم کو ٹیم کی قیادت سونپی تھی جو گزشتہ سال تک ٹیم کے کپتان رہے تھے، لیکن کراچی کی جانب سے لیگ کے سیون ایڈیشن میں یہ ذمہ داری بابر اعظم کو سونپی گئی ہے۔

عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ٹائٹل بھی اپنے نام کرچکی ہے، انہوں نے 2018 سے 2021 تک بطور کپتان 41 میچز میں ٹیم کی نمائندگی کی ہے، ان کی قیادت میں ٹیم کو 20 میچز میں کامیابی ملی اور 17 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،جبکہ دو میچز بغیر نتیجے کے ختم ہوئے۔

ان کی قیادت میں کراچی کنگز کے دو میچز ٹائی بھی ہوئے ہیں، ایک میں جیت اور ایک میں ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ڈیرن سیمی

ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی نے بطور کپتان پی ایس ایل میں 39 میچز میں پشاور زلمی کی قیادت کی ہے، 2017 سے 2020 تک ان کی قیادت میں زلمی نے 22 میچز جیتے تھے اور 16 میچز میں ہار کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بغیر نتیجہ ختم ہوا تھا۔

چار مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی پشاور زلمی کی ٹیم نے ڈیرن سیمی کی قیادت میں ایک مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا تھا۔

شعیب ملک

پاکستان سپر لیگ میں شعیب ملک نے مختلف ٹیموں کی قیادت کے فرائض انجام دیئے ہیں، وہ کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے کپتان رہ چکے ہیں۔

انہوں نے بطور کپتان 30 میچز کھیلے ہیں جن میں صرف 10 میچز میں ٹیم کامیاب ہوئی اور 19 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بغیر نتیجہ ختم ہوا تھا۔

پی ایس ایل کے کھیلے جارہے سیون ایڈیشن میں بھی وہ کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں، ان کی قیادت میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی۔

مصباح الحق

2016ء سے شروع ہونے والی لیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے ٹیم کی قیادت مصباح الحق کو سونپی تھی، ان کی قیادت میں اسلام آباد نے 2 مرتبہ لیگ کا فائنل بھی اپنے نام کیا تھا۔

پی ایس ایل کے اب تک کھیلے گئے ایڈیشن کے میچز پر ایک نظر ڈالی جائے تو اعداد شمار یہ بتاتے ہیں کہ اسلام آباد یونائٹیڈ وہ ٹیم ہے جس نے سب سے زیادہ میچز جیتے ہیں۔

2016 سے 2018 تک مصباح الحق نے 26 میچز میں ٹیم کی قیادت کی ہے، ان کی قیادت میں ٹیم نے 15 میچز میں فتح حاصل کی اور 10 میچز میں ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑا جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا، ٹائی قانون کے تحت اسلام آباد فاتح قرار پائی تھی۔

خیال رہے کہ میچ ٹائی ہونے کی صورت میں سپر اوور کے ذریعے میچ کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید