• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے ہر ایک پر دہشت پھیلا رکھی ہے، جسٹس عمر عطاء بندیال

نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال —فائل فوٹو
نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال —فائل فوٹو

سپریم کورٹ آف پاکستان میں ریاض نور اور دیگر افسران کے خلاف تحقیقات کالعدم کرنے کے فیصلے کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت کے دوران نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کا کہنا ہے کہ نیب نے ہر ایک پر دہشت پھیلا رکھی ہے۔

جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نیب کی اپیل کی سماعت کی۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ نیب کی جانب سے ہر ایک کو بلا کر کہا جاتا ہے کہ جواب جمع کرائیں، کیا نیب نے اس کیس میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی شامل کر لیا ہے؟

نیب کے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ زاہد عارف، انکوائری افسر سیال قیوم، سابق چیف سیکریٹری کو ہی ملزم بنایا گیا، یہ انکوائری پشاور ہائی کورٹ نے کالعدم کر دی ہے۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے استفسار کیا کہ نیب بتا دے کہ کیس ختم ہونے کے بعد کس اختیار اور کس قانون کے تحت دوبارہ انکوائری شروع کی گئی، نیب دنیا کے تمام امور کا انچارج نہیں ہے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر نیب ناصر مغل نے بتایا کہ ملزم زاہدعارف نے پلی بارگین کے ذریعے 17 ملین جمع کرائے، ریاض نور نے پلی بارگین کے باوجود ملزم کو ملازمت پر بحال کر دیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے سوال کیا کہ ملزم کی پلی بارگین کرنے کے بعد نیب کا کیا اختیار بنتا ہے؟ ڈپارٹمنٹ نے صحیح کیا یا غلط کیا، نیب نے دوبارہ انکوائری کس قانون کے تحت شروع کی؟

انہوں نے تنبیہ کی کہ نیب نے قانون کے اندر اور اپنے دائرہ اختیار میں ہی رہنا ہے۔

عدالتِ عظمیٰ نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید