• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پی ایس ایل کے لیے دستیاب ہوں‘، وائرل سوشل میڈیا اسٹار واصف غفور

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن سیون کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں پی ایس ایل ترانے ’آگے دیکھ‘ پر اپنے شاندار ڈانس مووز سے سب کو اپنا دیوانہ بنانے والے واصف غفور نے پی ایس کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

واصف غفور نے جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ کرکٹ کے دیوانے ہیں اور ضلع میرپور خاص سے انڈر 19 کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گانا میرا شوق ہے اور مجھے کرکٹ کا جنون ہے۔

واصف نے بتایا کہ انہوں نے سپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے کرکٹ کھیلنا چھوڑ دی اور ایک دوا ساز کمپنی میں کام شروع کر دیا ہے۔

نوجوان نے پاکستان میں لیگ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر مجھ سے کہا گیا تو میں پی ایس ایل کے میچز کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گا۔

واصف نے شو میں بطور گلوکار اور ڈانسر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

پی ایس ایل میچ دیکھنے کے اپنے شوق کے بارے میں تفصیل سے بات کرتے ہوئے واصف نے کہا کہ انہوں نے کام سے ایک دن کی چھٹی لے کر میچ دیکھنے کراچی کا دورہ کیا تھا اور جلد ہی وہ اپنے شہر واپس چلے جائیں گے۔

واصف نے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ وہ چند لمحوں میں وائرل ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران اسٹیڈیم میں بیٹھے دوسرے لوگوں نے انہیں بتایا کہ ان کی ویڈیو انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہے۔

واصف کا بتانا تھا کہ اسٹیڈیم میں ہی لوگوں نے میرے ساتھ سیلفیاں لینی شروع کردی تھیں۔

نوجوان نے بتایا کہ ان کے والدین بھی ان کی راتوں رات شہرت سے خوش ہیں لیکن وہ ایسے رقص کی حمایت نہیں کرتے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید