• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز کے چھکوں کی بارش کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے بھی چھکے برسادیے، لیکن سلطانز کے بولرز نے اپنی ٹیم کو 20 رنز سے فتح دلوادی۔ 

کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹم ڈیوڈ اور رائلی روسو کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 218 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں یونائیٹڈ کی ٹیم 197 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

شاداب خان اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے مردِ بحران ثابت ہوئے جنہوں نے دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کے باوجود اپنی جارحانہ اننگز جاری رکھی۔ 

یونائیٹڈ کے کپتان نے ٹم ڈیوڈ اور رائیلی روسو کی اننگز کا جواب دیتے ہوئے 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 5 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔ 

ان کے علاوہ ایلیکس ہیلز 23 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔ 

سلطانز کی جانب سے خوش دل شاہ نے 4 جبکہ ڈیوڈ ویلی نے 3 وکٹیں لے کر یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ 

اس سے قبل سلطانز کے ٹم ڈیوڈ اور رائلی روسو نے چوکوں چھکوں کی بارش کردی، ٹیم کو برق رفتاری کے ساتھ 217 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔ 

ٹم ڈیوڈ نے صرف 29 گیندوں پر 6 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ رائلی روسو نے 35 گیندوں 67 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی، محمد وسیم اور مرچنٹ ڈی لینگ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیمیں فارم میں ہیں، دیکھا جائے گا کہ کون میچ جیتے گا۔ 

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ جس طرح ٹورنامنٹ جارہا ہے ہمارے لیے اچھا ہے، جو اچھی کرکٹ کھیلتا ہے اس کو ٹاس کی فکر نہیں ہوتی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ میں کپتان شاداب خان، ایلکس ہیلز، پال اسٹرلنگ، رحمان اللہ گرباز، مدثر خان، آصف علی، اعظم خان، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی اور مرچنٹ ڈی لینگ شامل تھے۔ 

ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، صہیب مقصود، ٹم ڈیوڈ، رائیلی روسو، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، انور علی، عباس آفریدی، رومان رئیس اور عمران طاہر شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید