پاکستان سپر لیگ میں ایکشن سے بھرپور اور سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، پی ایس ایل سیزن سیون میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔
ملتان سلطانز نے گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 217 رنز بنائے تھے جو پی ایس ایل کی تاریخ کا چوتھا بڑا ٹوٹل تھا۔
پی ایس ایل میں رنز کے اعتبار سے ٹاپ 5 بیٹرز میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سرفہرست ہیں، انہوں نے 61 میچوں میں 2166 رنز بنالیے ہیں جس میں 21 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ 90رنز ہیں۔
پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل ٹاپ 5 بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
انہوں نے 69 میچز میں 3 سنچریوں اور 11 نصف سنچریوں کی مدد سے اب تک 1820 رنز بنالئے ہیں۔
پاکستان کے لیجنڈ آل راؤنڈر شعیب ملک اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے اب تک 1554 رنز بنالیے ہیں جس میں 9 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر فخر زمان ٹاپ 5 بیٹرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں، رواں سیزن میں کراچی کنگز کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے لاہور قلندرز کے فخر زمان نے پی ایس ایل میں اب تک 1533رنز بنالئے ہیں، جس میں ایک سنچری اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
پی ایس ایل میں رنز کے اعتبار سے ٹاپ 5 بیٹرز میں آسٹریلیا کے سابق اسٹار آل راؤنڈر شین واٹسن بھی شامل ہیں، جنہوں نے پاکستان سپر لیگ میں 1361 رنز بنائے ہیں، آسٹریلوی کھلاڑی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں 9 نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔
خیال رہے کہ شین واٹسن پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل تھے، وہ تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔