احتشام علی نامی پاکستانی گرافکس ڈیزائنر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سُپر لیگ کی فرنچائز ٹیم پشاور زلمی نے اُن کی اجازت کے بغیر اُن کا لوگو ڈیزائن کاپی کیا ہے۔
اس حوالے سے احتشام علی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مارخور لوگو ڈیزائن اور پشاور زلمی کی شرٹ کی تصویر شیئر کی۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘میں حال ہی میں پیش آنے والا ایک واقعہ شیئر کرنا چاہتا ہوں، کچھ دن پہلے مجھے معلوم ہوا کہ پاکستان کا ایک مشہور برانڈ (پی ایس ایل کرکٹ فرنچائز) جس کا نام ’پشاور زلمی‘ ہے، میری اجازت کے بغیر تقریباً ایک سال سے میرے مارخور ڈیزائن کو اپنی تجارت کے طور پر فروخت کر رہا ہے۔‘
اس کے ساتھ ہی احتشام علی نے اپنے لوگو ڈیزائن کا لِنک بھی ثبوت کے طور پر شیئر کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ گرافکس ڈیزائنر کو اُن کا ڈیزائن کاپی کرنے پر درخواست دائر کرنی چاہیے اور پشاور زلمی سے جواب طلب کرنا چاہیے۔
تاہم ابھی تک پشاور زلمی کے عہدیداران کی جانب سے اس واقعے پر کسی قسم کا کوئی ردّعمل سامنے نہیں آیا ہے۔