• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی اداروں کیخلاف تقاریر، پی ٹی ایم رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج

کراچی میں پریس کلب کے باہر احتجاج کے دوران ملکی اداروں کے خلاف نعرے بازی اور تقاریر کرنے کے الزام میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) رہنماؤں کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ 

منظور پشتین کے قافلے پر بلوچستان میں حملے کے خلاف پی ٹی ایم کی جانب سے 3 فروری کو نوراللّٰہ ترین کی قیادت میں کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں آرٹلری میدان تھانے میں ایف آئی آر نمبر 12/22 زیر دفعہ 147/149/153 درج کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ میں پی ٹی ایم کے نور اللّٰہ ترین، حاجی علی شیر، جاوید محسود، قاضی طاہر اور رحمٰن بابر نامزد ملزمان ہیں، تاہم اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

پولیس کے مطابق ان رہنماؤں کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے دوران کی گئی تقاریر اور نعرے بازی میں ملک کی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے۔

اندراج کے بعد مقدمہ پولیس کے شعبہ انوسٹی گیشن کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید