• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم یکجہتی کشمیر پر شہباز شریف کا کشمیریوں کو خراج تحسین

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا خواب ممکن نہیں ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہی کے کٹہرے میں کھڑا کرے، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کشمیری بھائی بہنوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا دن ہے، جموں و کشمیر کے عوام نے بھارتی قبضے سے نجات کیلئے تاریخی جدوجہد کی ہے، کشمیریوں کی شہادتیں آزادی سے کم کچھ نہ قبول کرنے کے آہنی عزم کا مظہر ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دیرینہ تنازعات کے حل تک اقوام متحدہ کے قیام کے بنیادی مقاصد پورے نہیں ہوں گے، اقوام متحدہ اپنی ساکھ کی بحالی کیلئے کشمیر اور فلسطین تنازعات کا منصفانہ حل یقینی بنائے۔

واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں پر مظالم جاری ہیں۔

یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے مظفر آباد کے آزادی چوک میں بھارت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید