ملتان سلطانز نے آل راؤنڈ پرفارمنس دیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے 16ویں اور اپنے مسلسل چھٹے میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔
پشاور زلمی کی ٹیم 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
زلمی کے بیٹرز ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہے، جہاں ملتان سلطانز کے بلیسنگ مزاربانی نے اوپنرز حیدر علی اور کامران اکمل کو پویلین کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو جیت کی پہلی سیڑھی پر پہنچادیا۔
اس کے بعد لیام لونگسٹن اور شعیب ملک نے اچھی شراکت بنائی، لیکن پھر 24 رنز بنانے کے بعد وہ آؤٹ ہوئے تو رنز اور گیندوں میں بڑھتے فرق نے دیگر کھلاڑیوں کو بھی غلط شاٹ لگانے پر مجبور کیا۔
پشاور زلمی سے شعیب ملک سب سے زیادہ 44 رنز بناسکے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بین کٹنگ 23 اور شرفین ردرفرڈ 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سلطانز کے بلیسنگ مزاربانی اور خوشدل شاہ نے 3، 3، شاہنواز دھانی نے دو جبکہ عمران طاہر اور عباس آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
دفاعی چیمپئن نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کے اوپنرز نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا، جہاں پہلی وکٹ 98 کے اسکور پر کپتان محمد رضوان کی شکل میں گری جنہوں نے 34 رنز بنائے تھے۔
اس کے بعد شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ نے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا اور 131 پر پہنچایا جہاں 68 رنز بنانے والے شان مسعود آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد کوئی کھلاڑی رک کر نہ کھیل سکا اور اور وکٹیں گرتی رہیں تاہم ٹم ڈیوڈ کے 34 رنز کے ساتھ سلطانز 182 کے مجموعے پر پہنچ گئے۔
خیال رہے کہ کراچی میں ایونٹ کے میچز کا اختتام ہونے کے بعد اب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بقیہ میچز کا آغاز ہوگیا۔
ٹاس کے موقع پر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ڈیو فیکٹر کے باعث فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ ان کی ٹیم 170 رنز کا ٹارگٹ آسانی سے حاصل کرسکتی ہے۔
کپتان ملتان سلطانز نے کہا کہ تازہ پچ ہے، ڈیو فیکٹر کے بارے میں نہیں سوچ رہا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پریکٹس میں کافی محنت کی ہے، ذہنی طور پر تیار ہیں۔