• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ ہیں، آصف زرداری


پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال پربات چیت ہوئی۔

اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا۔

لاہور میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھاکہ تحریک عدم اعتماد کے لیے حکومت کی حلیف جماعتوں سے رابطے کریں گے، 23 مارچ کو لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ برقرار ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد لانےکے لئے نمبرز پورے ہیں، نمبر گیم کوئی مسئلہ نہیں، صرف بندوں کے کلئیر ہونے کی بات ہے کہ ہم نے کس کو لینا ہے اور کس کو نہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہپہلے عدم اعتماد اسپیکر کےخلاف آئے گی یا وزیراعظم کے خلاف، فیصلہ لیڈرشپ کرے گی، تحریک عدم اعتماد لانے کے لئے تاریخ کا تعین کسی میٹنگ میں نہیں کیا جائےگا۔

دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو تحریک عدم اعتماد لانے کا چیلنج کیا تھا۔

فواد چوہدری نے کہاتھا کہ اپوزیشن جرات کرکے کل عدم اعتماد لے آئے، کسی مائی کے لعل میں جرات نہیں کہ تحریک عدم اعتماد لاسکے، پی ڈی ایم تحریک عدم اعتماد لائے آٹے دال کا بھاؤ پتا چل جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید