• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: حادثات میں غیر ملکی خاتون اور بچے سمیت 6 افراد جاں بحق


کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں غیر ملکی خاتون اور 3 سالہ بچے سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈیفنس میں دو دریا کے قریب تیز رفتار کار نے ڈبل کیبن گاڑی کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔

حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2 خواتین سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک خاتون اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئیں۔

خاتون سمیت 3 زخمیوں کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، حادثے میں متاثر ہونے والی ڈبل کیبن کا ڈرائیور محفوظ ہے جس سے پولیس واقعے سے متعلق معلومات لے رہی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے میں زخمی ایلوین نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ لوگ جامعہ کراچی میں فارمیسی کے طالب علم ہیں اور حادثے میں جاں بحق خاتون اومی ہے جس کا تعلق صومالیہ سے تھا۔

زخمی ایلوین نے پولیس کو بتایا کہ زخمیوں میں میریس اور گیڈم شامل ہیں جن کا تعلق کینیا سے ہے۔

حادثے کے شکار تمام افراد آپس میں دوست ہیں اور جامعہ کراچی کے ہاسٹل میں رہتے ہیں۔

حادثے کے وقت زخمی ایلوین گاڑی چلا رہا تھا اور یہ لوگ کسی کام سے ڈیفنس جا رہے تھے کہ دو دریا کے قریب گاڑی کا ٹائر پھٹنے کی آواز آئی اور ان کی گاڑی ٹکرا گئی۔

ریسکیو ادارے کے مطابق سلطان آباد کے قریب گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 26 سالہ مصطفیٰ جاں بحق ہو گیا۔

دوسری طرف شارعِ فیصل پر کارساز کے قریب موٹر سائیکل پھسلنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔

قائد آباد میں مدینہ ٹاؤن کے قریب ٹریفک حادثے میں 3 سالہ بچہ دانیال جاں بحق ہو گیا۔

میمن گوٹھ اور گھگھر پھاٹک کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں بھی 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید