کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آئے تازہ ترین حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے، فائرنگ سے 1 شخص زخمی ہو گیا، جبکہ 1 شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
کراچی کے علاقے کریم آباد میں عائشہ منزل پل کے اوپر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا جسے جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
متوفی کی شناخت 45 سالہ جمیل احمد ولد غلام حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔
سپر ہائی وے پر حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے لکی سمینٹ فیکٹری سے پہلے موشی منڈی کے قریب ٹریفک حادثے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہو گیا۔
جاں بحق شخص کی شناخت 39 سالہ مظہر علی کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش اور زخمی کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے نوری آباد روانہ کر دیا گیا ہے۔
سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 7 اے کے قریب واقع گھر میں کرنٹ لگنے سے 1 شخص جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 22 سالہ پرویز ولد ندیم الدین کے نام سے ہوئی ہے۔
پورٹ قاسم کے وائرلیس گیٹ کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے مذکورہ شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے جس کی عمر 35 سال کے لگ بھگ ہے۔
ناظم آباد میں بورڈ آفس کے قریب واقع معروف مٹھائی کی دکان کے قریب سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی ہلاکت کی وجہ پتہ نہیں چل سکی۔
60 سالہ متوفی کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے جس کی شناخت بھی نہیں ہوسکی ہے۔
ادھر کیماڑی میں واقع کے پی ٹی گراؤنڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 1 شخص زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے 28 سالہ شخص کی شناخت ذیشان ولد جاوید عمر کے نام سے ہوئی ہے۔