• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل میں سخت مقابلے ہوتے ہیں، نسیم شاہ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) اور آئی پی ایل دنیا کی دو بڑی لیگز ہیں لیکن پی ایس ایل میں سخت مقابلہ ہوتا ہے۔

لاہور سے جاری ایک بیان میں نسیم شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوالٹی بولرز اور بیٹرز کی موجودگی ہمیشہ رہی ہے، میں نے اب تک پاکستان سپر لیگ کے علاوہ پہلی مرتبہ سی پی ایل میں حصہ لیا ہے، پی ایس ایل ایک اچھی لیگ ہے۔

نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کا ماننا ہے کہ انہوں نے بولنگ میں خوب محنت کی ہے، مختلف ورائٹی پر بھی کام کیا ہے، سلو بال اور یارکرز پر کام کیا ہے جس سے بہتری آئی ہے، ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

نسیم شاہ نے کہا کہ کراچی میں پچز اچھی تھیں لیکن بولنگ کو سپورٹ نہیں ملی بیٹرز نے بہت اچھی اننگز کھیلیں اور لاہور میں بھی پچز اچھی لگ رہی ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے ریزروز میں شامل ہونے پر نسیم شاہ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف اسکواڈ کے ریزروز میں بھی نام آنے پر شکر ادا کرتا ہوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ جب بھی موقع ملے اچھی بولنگ کروں، ٹیم میں نام ہونا یا نہ ہونا میرے ہاتھ میں نہیں ہے اور نہ ہی میں اس بارے میں سوچتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سالوں کے بعد آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے لئے بہت خوش ہوں، آسٹریلیا نے مضبوط ٹیم کا اعلان کیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اچھی ٹیسٹ سیریز ہو گی، اسٹار کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں، کراؤڈ کے لئے یہ ایک زبردست چیز ہے جسے وہ انجوائے کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آسٹریلیا اگر تگڑی ٹیم ہے تو ہماری ٹیم بھی اچھی ہے، دونوں کے مابین سخت مقابلہ ہو گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید