پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں لاہور قلندرز نے پہلے مرحلے میں شکست کا حساب برابر کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 141 رنز کا ہدف لاہور قلندرز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز نے اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے پہلے 19 رنز بنانے والے عبداللہ شفیق کے ہمراہ 41 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اس کے بعد انہوں نے کامران غلام کے ساتھ 77 رنز کی شراکت بنا کر میچ کو یک طرفہ بنادیا۔
انہوں نے 53 رنز کی اننگز کھیلی اور ایونٹ میں اب تک مجموعی طور پر 469 رنز بناچکے۔
دوسری جانب کامران غلام نے بھی نصف سنچری مکمل کی اور ناقابلِ شکست 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نور احمد اور غلام احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔
بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 جیسے اسپیل کی یاد تازہ کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم لاہور قلندرز کے تباہ کن بولنگ اٹیک کا سامنا نہیں کر پائی اور مقررہ 20 اوورز میں 141 رنز ہی بناسکی۔
شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں جیسن روئے اور جیمز وینس جیسے جارح مزاج بلے بازوں کی وکٹیں لے کر کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کو ضرب لگادی۔
کپتان سرفراز احمد بھی مزاحمت کا سامنا نہیں کر پائے جبکہ احسن علی راشد خان کو وکٹ دے بیٹھے۔
ایسے میں عمر اکمل نے افتخار کے ہمراہ ٹیم کا اسکور بڑھانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 25 رنز کی مہمان ٹھہرے۔
تاہم دوسرے اینڈ پر موجود افتخار احمد نے اپنی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 52 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 141 کے ہندسے تک پہنچایا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاہین آفریدی اور ڈیوڈ ویسا نے دو دو جبکہ حارث رؤف اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے پہلے مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جس میں جیسن روئے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے 6، 6 پوائنٹس ہیں جبکہ نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے یہ بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
کراچی کنگز کی ٹیم میں اب تک جیت سے محروم رہی ہے اور وہ ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔