اسپین کے شہر بارسلونا میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک پاکستانی جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
نومبر 2021 کو ہونے والے سانحہ ”تے تو آن“ کے بعد آتشزدگی کے ایک اور واقعے میں پاکستانی جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کا تازہ ترین واقعہ بارسلونا سینٹر کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک ہوٹل کی تیسری منزل پر آگ لگ گئی۔
سانحے میں جاں بحق ہونیوالا 43 سالہ راشد ملک موضع پھلروان کا رہائشی تھا اور اسپین کے شہر ”ثاراگوثا“ کے قریب نواحی علاقے میں موبائل شاپ کا کاروبار کرتا تھا۔
جاں بحق پاکستانی شہری اپنی دُکان کے لیے موبائل خریدنے بارسلونا آیا ہوا تھا اور اسی ہوٹل میں مقیم تھا۔ ہوٹل میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعہ میں 9 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے دو کی حالت انتہائی تشویشناک بیان کی جا رہی ہے۔
آتشزدگی کے واقعہ کے دوران کئی افراد نے کھڑکیوں سے کود کر جان بچائی۔
ذرائع کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ ایک خاتون کی جانب سے گدے کو آگ لگانے کے بعد ہوا اُس خاتون کو پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔
واضح رہے کہ دو ماہ کے تکلیف دہ انتظار کے بعد سانحہ ”تے توآن“ میں پاکستانی فیملی کی میتیں مقامی ہسپانوی اداروں کی طرف سے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پاکستان روانہ ہوئی ہیں اور کچھ دن پہلے ہی اُن میتوں کو منڈی بہاؤالدین کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ہے، جس کے بعد ہی یہ دوسرا واقعہ رونما ہو گیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل بارسلونا مرزا سلمان بابر بیگ نے بتایا کہ مرحوم راشد ملک کی میت کے حوالے سے تمام کاغذات کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور ہم لندن میں مرحوم کے لواحقین سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میت کو جلد پاکستان روانہ کرنے کے لیے مقامی اداروں سے بات چل رہی ہے جس کے لیے این او سی جلد جاری کر دیا جائے گا۔