• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے قیمتوں میں اضافے کا ایک اور پیٹرول بم گرا دیا: حافظ حمد اللّٰہ


حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عوام پہلے ہی سسک سسک کر زندگی گزار رہے ہیں، حکومت نے ان پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا ایک اور بم گرا دیا۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللّٰہ نے جاری کیے گئے ایک بیان کے ذریعے اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت خون خوار بھیڑیے کی طرح عوام کا خون چوس رہی ہے، عمران خان اینڈ کمپنی آئی ایم ایف سے مل کر مہنگائی کی چھری سے عوام کی شہ رگ کاٹ رہی ہے۔

پی ڈی ایم ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے، ساڑھے 3 سال سے ملک و قوم پر عمران خان کی صورت میں عذاب مسلط ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس عذاب سے ملک و قوم کو نجات دلانا پی ڈی ایم کا ہدف ہے، تحریکِ عدم اعتماد وہ ہتھیار ہے جس سے عمران خان اینڈ کمپنی کو سمندر برد کر دیں گے۔

حافظ حمد اللّٰہ نے مزید کہا ہے کہ ملک اور قوم کو بچانا ہے تو عمران خان کو ہٹانا ہے، عمران خان کو ہٹانے کے سوا نجات کا دوسرا کوئی راستہ نہیں۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم پیٹرول کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر کے مہنگائی سے پریشان عوام پر پیٹرول بم گرا دیا۔

وفاقی حکومت نے پیٹرول 12 روپے 03 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 9 روپے 53 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 9 روپے 43 پیسے، مٹی کا تیل 10 روپے 08 پیسے مہنگا کر دیا ہے۔

اس اضافے کے بعد پیٹرول 159 روپے 86 پیسے، ڈیزل 154 روپے 15 پیسے، لائٹ ڈیزل 123 روپے 97 پیسے اور مٹی کا تیل کی 126 روپے 56 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔

قومی خبریں سے مزید