مسلم لیگ ن کے رہنما، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے۔
لاہور سے جاری کیے گئے ایک بیان کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حمزہ شہباز شریف نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ تاریخ میں پیٹرول کی قیمت 159 روپے سے زائد کرنے کا سہرا اس حکومت کے سر ہے، ہر 15 دن بعد عوام کی جیب پر ڈاکہ مارا جاتا ہے۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ سند یافتہ کرپٹ ترین حکومت نے ملک کو داؤ پر لگا دیا ہے، آخر کس ایجنڈے کے تحت عوام کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس حکومت نے پاکستان کے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ دی ہے، گزشتہ سال بھی پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا تھا۔