سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم انضمام الحق نے کہا ہے کہ جیمز فوکنر کے معاملے پر پاکستان کو بہت سخت ہونا چاہیے۔ یہ چیزیں ملک کی عزت کے لیے بہت ضروری ہیں۔
جیمز فوکنر کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی اس طرح کی بدتمیزی کرے تو ایکشن ہونا چاہیے۔
ماضی کی مثال دیتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز میں باب وولمر کا معاملہ ہوا تھا، اس وقت باب وولمر پاکستان کے کوچ تھے، اُس وقت ہمارے خلاف پوری تفتیش کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کھیلنے والے آسٹریلوی کھلاڑی جیمز فوکنر نے پی ایس ایل سیون سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پی ایس ایل میں پی سی بی نے میرے معاہدے اور معاوضے کی پاسداری نہیں کی۔
بعدازاں آسٹریلوی کھلاڑی کے جھوٹے اور گمراہ کن الزامات کا پی سی بی کی جانب نوٹس لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ جیمز فولکنر کے ہوٹل سے چیک آؤٹ کے وقت پی سی بی کو اس کا ازالہ کرنا پڑا جبکہ آسٹریلوی کرکٹر نے امیگریشن حکام سے بھی بدتمیزی کی۔
پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مشترکہ بیان جاری کرتے کہا کہ جیمز فوکنر کو آئندہ پی ایس ایل میں نہیں کھلایا جائے گا۔