• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاطف اسلم کے کنسرٹ میں میئر لندن کی پروٹوکول کے بغیر شرکت

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی دارالحکومت لندن کے میئر پاکستانی نژاد صادق خان پروٹوکول کے بغیر ہی عاطف اسلم کے کنسرٹ میں پہنچ گئے۔عاطف اسلم رواں ہفتے برطانیہ پہنچے تھے، جہاں لندن سمیت دیگر شہروں میں وہ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ عاطف اسلم کے ایک میوزک کنسرٹ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں میئر لندن صادق خان کو پروٹوکول کے بغیر عوامی بھیڑ میں دیکھا جا سکتا ہے۔میئر لندن کی عاطف اسلم کے میوزک کنسرٹ میں شرکت کی ویڈیو وہاں موجود جیو نیوز کے نمائندے مرتضیٰ شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں میئر لندن کو عوامی بھیڑ کے درمیان دیکھا جا سکتا ہےاور انہیں کسی بھی پروٹوکول کے بغیر ہی میوزک کنسرٹ کو انجوائے کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں صحافی نے صادق خان سے سوالات بھی کیے، جن کے جوابات میں میئر لندن نے بتایا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ شروع سے ہی عاطف اسلم کے مداح ہیں، اس لیے وہ کنسرٹ میں شریک ہوئے۔میئر لندن نے کہا کہ نہ صرف وہ، ان کے اہل خانہ بلکہ سارا لندن بھی عاطف اسلم کا مداح ہے، جس کا ثبوت میوزک کنسرٹ میں شامل ہونے والے لوگ ہیں۔ صادق خان نے اگرچہ اعتراف کیا کہ وہ عاطف اسلم کے گانوں پر ڈانس کرتے دکھائی دیے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے صحافی سے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر ان کے پاس ان کے ڈانس کے ثبوت موجود ہیں تو انہیں فراہم کیے جائیں۔عاطف اسلم کے گانوں پر ڈانس کے سوال پر صادق خان کی جانب سے رقص کی ویڈیو یا ثبوت فراہم کرنے کی بات پر وہاں موجود تمام افراد ہنس پڑے۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں میئر لندن کو اردو زبان میں بھی بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دل لگی سے مزید