پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن میں کراچی کنگز کو اپنے آخری میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 23 رنز سے زیر کیا۔
ایونٹ کے 28ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 143 رنز ہی بناسکی۔
کراچی کنگز کی جانب سے جو کلارک کے 52 اور بابر اعظم کے 36 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹریز کی جانب سے خرم شہزاد نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں لے اڑے جبکہ دیگر بولرز میں نسیم شاہ نے 2 اور محمد عرفان، عاشر قریشی نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز ہی بناسکی۔
گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے نے 82 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
جیمز وینس نے 29 اور افتخار احمد نے 21 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم، میر حمزہ، عثمان شنواری اور لوئس گریگوری نے ایک ایک وکٹ لی۔
آج دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز ایکشن میں نظر آئیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
ملتان سلطانز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا۔