پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے کھلاڑی راشد خان اپنے قومی فرائض کی وجہ سے اپنے وطن افغانستان واپس چلے گئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں موجود اُن کے مداح اُداس ہیں۔
ایسے میں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر راشد خان کی ایک خاتون مداح نے اپنی تصویر شیئر کی جس میں وہ قذافی اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔
خاتون کے ہاتھ میں ایک پوسٹر ہے جس پر راشد خان کی تصاویر شائع ہیں جبکہ پوسٹر پر بالی ووڈ فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کا مشہور ڈائیلاگ لکھا ہوا تھا۔
پوسٹر پر لکھا تھا کہ ’تُسی جارے او، تسی نہ جاؤ ناں‘، خاتون نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ میچ میں میرا پوسٹر بہت مقبول ہوا۔‘
خاتون مداح کی محبت کا جواب دیتے ہوئے راشد خان نے کہا کہ ’محبت اور سپورٹ کے لیے آپ کا بہت شکریہ، انشاء اللّہ میں جلد واپس آؤں گا۔‘
واضح رہے کہ راشد خان نے 19 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف رواں سیزن میں اپنا آخری میچ کھیلا۔
ترجمان لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ راشد خان نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کو مزید دستیاب نہیں ہوں گے۔
راشد خان کے متبادل کے طور پر آسٹریلوی اسپنر فواد احمد پہلے ہی لاہور قلندرز کو جوائن کر چکے ہیں۔