پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 24 سال بعد آسٹریلیا کے تاریخی دورے کو یادگار بنانے کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے تین وینیوز پر اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا، ٹیسٹ سیریز کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اعلیٰ حکومتی شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 24 برس پہلے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے والے کرکٹرز کو بھی بلایا جائے گا، سابق کرکٹرز کو راولپنڈی ، کراچی اور لاہور کے ٹیسٹ میچز میں بلایا جائے گا۔
ذرائع نے کہا کہ تاریخی دورے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد مہم شروع کرے گا، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کی وجہ سے تاحال زور و شور سے یہ مہم شروع نہیں کی جاسکی ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔
گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998ء کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا تھا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔
آسٹریلوی ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائیں گے۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔