کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ ملک میں ہاکی کو ترقی دینے کے لئے مربوط اقدامات کئے جارہے ہیں ، ایک صبر آزما کام ہے جس کے اثرات کچھ عرصے کے بعد محسوس ہونے لگیں گے۔ وہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صلاحیت کی کمی نہیں لیکن ٹھوس منصوبہ بندی اور نیک نیتی سے اس پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈیولپمنٹ اینڈ ڈومیسٹک بریگیڈیئر مسرت اللہ اور ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ اینڈ ڈومیسٹک اولمپئن نوید عالم نے وفد سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں کہا کہ فیڈریشن نے ہاکی کا پول بڑھانے کے لئے گراس روٹ لیول پر کام کے لئے مربوط حکمت عملی تیار کرلی ہے جس سے نہ صرف نچلی سطح پر ہاکی کوفروغ حاصل ہوگا۔ بلکہ اسکول اورکلب ہاکی بھی بحال ہوسکے گی۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے وفد میں شامل بانی و اعزازی سیکریٹری پروفیسر راؤ جاوید اقبال اور صدر زاہد شہاب نے فیڈریشن کے عہدیدارا ن کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔