کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شائقین جلد ہی اداکار عمران اشرف اعوان اور عروہ حسین کو ایک بار پھر سسپنس تھرلر ڈراما ’بد ذات‘ میں ایک ساتھ دیکھیں گے۔’جیو ٹی وی‘ پر جلد نشر کیے جانے والے ڈرامے ’بد ذات‘ کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے، تاہم اسے نشر کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔’بد ذات‘ کی کہانی مصباح نوشین نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات سراج الحق نے دی ہیں ، اور عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پروڈیوس کیا ہے۔ڈرامے کے جاری دونوں ٹیزرز سے کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہورہا ہے کہ شائقین کو نہ صرف سسپنس بلکہ تھرل اور ایکشن بھی دیکھنے کو ملے گا۔عمران اشرف اعوان اور عروہ حسین سمیت دیگر کاسٹ نے بھی ڈرامے کے ٹیزر اور تصاویر شیئر کیں۔ڈرامے میں عروہ حسین اور عمران اشرف کو جوڑی کی صورت میں دکھانے کے ساتھ ساتھ ان کے درمیان اختلافات کو بھی دکھایا گیا ہے۔ڈرامے میں عمران اشرف اعوان ایک ڈانسر کے بیٹے کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جو کہ بہت بڑے شخص اور گھرانے کے بچے ہوتے ہیں۔ ٹیزر میں دکھایا گیا ہے کہ عمران اشرف کو بچپن میں ہی والدہ کے ڈانسر ہونے کی وجہ سے ان کی محبت نہیں مل پائی اور ان کے والد نے ان کی والدہ کو اپنے ساتھ نہیں رکھا۔ٹیزر میں عمران اشرف کو بچپن میں والدہ کی محبت سے محروم دکھائے جانے سمیت بڑے ہونے پر بھی انہیں باغی کے طور پر دکھایا گیا ہے۔’بد ذات ‘ میں عمران اشرف اور عروہ حسین کے علاوہ صبا فیصل، محمد اسلم، علی عباس، ندا ممتاز، زینب قیوم، سدرہ نیازی، زویا ناصر اور ساجدہ سید سمیت دیگر اداکار دکھائی دیں گے۔