سینئر پاکستانی اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے نور مقدم قتل کیس کے فیصلے پر اپنا ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔
ثمینہ پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر نور مقدم کیس میں عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے پر اپنے ردِ عمل میں کہا کہ ’ابھی انصاف مل گیا ہے لیکن ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اُنہیں امید ہے کہ ہماری عدلیہ، ہماری پولیس اور ہمارے لوگ پاکستان کو ہماری لڑکیوں کے لیے محفوظ بنائیں گے‘۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے نور مقدم قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم ظاہر جعفر کو سزائے موت سنا دی ہے۔
عدالت نے مجرم ظاہر جعفر کو مزید سزائیں سناتے ہوئے مقتولہ نور مقدم سے جنسی زیادتی پر 25 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 364 کے تحت 10 سال قید، 1 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔