پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ ماؤں کو اپنی ذہنی و جسمانی صحت کو اولین ترجیحی دینی چاہیے۔
انہوں نے ماؤں کے لیے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کو بچوں سے بھی اہم قرار دے دیا۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نادیہ جمیل کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں تقریب میں ماؤں کی قربانی پر کھل کر بات کرتے ہوئے دیکھا و سنا جاسکتا ہے۔
اداکارہ نے ایسی ماؤں کو، جو اپنے بچوں کی خاطر اپنا وجود مٹا دینے کے نظریے پر یقین رکھتی ہیں، مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں سے پہلے اپنی ذہنی و جسمانی صحت پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عورت کو بہت سی ذمہ داریاں دے دی ہیں اور یہ سمجھ لیا ہے کہ محبت کا ایک خوبصورت چہرہ قربانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماؤں کے لیے تصور کیا جاتا ہے کہ خود بھوکی رہ کر اپنے بچوں کو کھلاؤ، ایک ماں فطرتاً اپنی اولاد کو اپنے سے پہلے رکھے گی لیکن آج کی ماؤں کو کہوں گی کہ پہلے اپنی صحت کے بارے میں ضرور سوچیں کیونکہ اگر وہ خود نفسیاتی طور پر مضبوط نہیں ہوں گی تو اپنے بچے کا خیال ٹھیک سے نہیں رکھ سکیں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ بحیثیت ماں، یہ ذمہ داری ہم پر ہے کہ ہم اپنے نفسیات پر کتنا دباؤ ڈالیں، ہمیں اپنی حد خود طے کرنی ہیں، یہ ہمیں سیکھایا نہیں جاتا کہ یہ ہماری برداشت کی حد ہے، کوئی بھی چیز ہمیں ایک حد تک برداشت کرنی ہے، پھر چاہے سامنے بیٹا ہی کیوں نہ ہو۔ اگر بیٹا بھی اس برداشت کی حد سے باہر جاکر کوئی کام کرتا ہے تو اسے بھی جوابدہ ہونا ہوگا۔