سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ امید ہے جماعت اسلامی ہمیشہ کی طرح سچ اور عوام کا ساتھ دے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی تمام جماعتوں میں حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے اتفاق ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت سے عدم اعتماد کی تحرک کامیاب ہوگی۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عام آدمی بہت ہی مشکلات کا شکار ہے، یہ صحافت کو قید اور صحافت کی زبان بندی کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے درمیان رابطے موجود ہیں اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا بھی کہنا ہے کہ آئین سے ماورا کوئی اقدام نہیں ہونا چاہیے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مشاورت پریقین رکھتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ اور مجلسِ شوریٰ کا اجلاس بلا لیا ہے۔