گھر کی خوبصورتی اور اس کی اچھی تعمیراتی حالت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ ہر کچھ عرصہ بعد اس کی مرمت اور تزئین و آرائش پر توجہ دیں۔ یہ ناصرف وقت طلب بلکہ اچھی خاصی رقم خرچ کرنے والا کام ہے۔ اگر آپ گھر کی تزئین و آرائش کا آرٹ نہیں جانتے تو آپ لاکھوں روپے خرچ کرکے بھی اپنے گھر کو وہ جمالیاتی حسن نہیں دے سکتے، جو شاید اس آرٹ سے باخبر ایک شخص چند ہزار روپے خرچ کرنے پر اپنے گھر کے لیے حاصل کرسکتا ہے۔
بجٹ آپ کو اس قابل ضرور بناتا ہے کہ آپ گھر کی سجاوٹ کا سوچیں، تاہم آپ گھر کو کس قدرخوبصورت اور زبردست سجاتے ہیں، اس کا دارومدار آپ کے ذوق اور تخلیقی صلاحیتوں پر ہے، جن کا استعمال کرتے ہوئے کم بجٹ میں بھی گھر کو انتہائی خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔
گھر کی تزئین و آرائش کے دو مقاصد ہوسکتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ آپ اپنے موجودہ گھر میں مزید طویل عرصے تک قیام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا پھر اس کی تزئین و آرائش پر کچھ پیسے خرچ کرکے اسے اچھی قیمت پر فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ گھر میں طویل عرصہ رہائش اختیار کرنے کے بجائے جلد ہی اسے فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو پھر ایسے میں آپ کو کیا کرنا چاہیے؟
اس سے پہلے کہ ہم ان اقدامات کا مرحلہ وار ذکر کریں، ایک بین الاقوامی سروے کے مطابق، مکان خریدنے والے 71فیصد افراد اس بات پر اتفاق رکھتے ہیں کہ مکان کا بیرونی حصہ (مثلاً داخلی حصہ،عقبی حصہ، فرنٹ یارڈ، واک وے وغیرہ) پہلا اور ایک کامیاب تاثر دینے میں کامیاب رہتا ہے۔ اس حصے میں خاص تبدیلی لاکر آپ اپنے گھر کی قدرو قیمت بڑھاسکتے ہیں۔ ذیل میں کچھ کم خرچ آئیڈیاز دیے جارہے ہیں، جو گھر کی تزئین و آرائش میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
سوچ سمجھ کر سرمایہ کاری
آپ کو باتھ روم کی ایسی ری -ماڈلنگ پر پیسے خرچ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، جس سے آپ کے گھر کی قدر وقیمت پر کوئی فرق نہ پڑے۔ تاہم اگر آپ کے گھر کے اہم حصوں جیسے باورچی خانہ یا لیونگ ایریا کو میک اوور کی ضرورت ہے اور جن کی موجودہ حالت کو دیکھ کر ممکنہ خریدار کی دلچسپی کم ہونے کا امکان ہو تو ایسے میں آپ کو اس کی اَپ گریڈیشن پر ضرور کام کرنا چاہیے۔
آپ کا پورا گھر چاہے کتنی ہی اچھی حالت میں کیوں نہ ہو، ایک بھی اہم حصے کی خراب حالت ممکنہ خریدار کی دلچسپی کو کم کرسکتی ہے۔ اگر آپ اپنا گھر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو مکمل میک اوور کے مقابلے میں معمولی نوعیت کا جزوی میک اوور کروانا زیادہ بہتر لائحہ عمل ہے۔
مرکزی دروازہ
گھر کی قدروقیمت بڑھانے والے عوامل میں سرفہرست گھر کے مرکزی دروازے کی تبدیلی ہے لیکن یہ تبدیلی اس بات پر منحصر ہے کہ گھر کا مرکزی دروازہ بالآخر کتنا پرانا ہے۔ اگر آپ نے کچھ عرصہ قبل ہی مرکزی دروازہ تبدیل کیا ہے تو مکان فروخت کرنے سے قبل صرف اس پر رنگ وروغن کروانا ہی آپ کے گھر کے بیرونی حصے کی قدروقیمت بڑھانے کا سبب بن جائے گا۔
اہم حصے
ریئل اسٹیٹ کاروبار سے منسلک ماہرین کا کہنا ہے کہ گھر کی فروخت میں کچن اور باتھ روم کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر ممکنہ خریدار کو کچن اور باتھ روم میں واضح مسائل نظر آجائیں تو وہ خریداری کے بعد کے اخراجات سے گھبرا جاتا ہے کیونکہ کوئی بھی شخص یہ پسند نہیں کرتا کہ اپنے بجٹ کے مطابق لاکھوں یا کروڑوں روپے کا گھر خریدنے کے بعد بھی اسے گھر میں کسی بڑے مسئلے کا سامنا ہو اور اگر اسے لگے کہ وہ اضافی اخراجات برداشت نہیں کرپائے گا تو وہ ایسا گھر خریدنے سے ہاتھ اُٹھا لیتا ہے۔
ایک بات ذہن نشین کرنا ضروری ہے کہ آپ کو ری-ماڈلنگ پر لگنے والی پوری سرمایہ کاری واپس نہیں مل پائے گی۔ عمومی طور پر کچن کی 80فیصد اور باتھ روم کی 65فیصد تک سرمایہ کاری واپس مل جاتی ہے، تاہم یہ سرمایہ کاری آپ کے گھر کی مجموعی قدر و قیمت میں اضافے اور اس کی بروقت فروخت کو یقینی بنانے کا باعث بنتی ہے کیونکہ وقت بھی بہرحال ایک بیش بہا قیمتی اثاثہ ہے۔
لینڈ اسکیپنگ
ہر انسان باغبانی کا شوق نہیں رکھتا، کچھ ایسے بھی لوگ ہوتے ہیں جو ہریالی اور پودوں کی دیکھ بھال نہیں کرپاتے، یہی وجہ ہے کہ ایسے لوگوں کے گھروں میں ہریالی دیکھنے کو نہیں ملتی۔ اس کے برعکس کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے گھروں میں داخلے کے ساتھ ہی لینڈ اسکیپنگ ایریا ہماری توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔
ایک خوبصورت لینڈاسکیپنگ ایریا آپ کے گھر کی قدورقیمت بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ لہٰذا مکان فروخت کرنے سے قبل، لینڈاسکیپنگ ایریا کی جانب بھی توجہ دیں اور اس میں کچھ ضروری تبدیلیاں لانے کی کوشش کریں مثلاًپھل، پھول، درختوں اور سبزیوں کے قطعے بنانا،پلے ایریا، سٹنگ ایریا وغیرہ کا انتظام کرنا۔
فائدے نقصان کا جائزہ
اگر آپ گھر فروخت کرنے کے لیے ری-ماڈل کررہے ہیں تو آپ کو اپنی پسند کے بجائے مارکیٹ کے موجودہ رجحان کو مدِ نظر رکھنا ہوگا۔ ساتھ ہی آپ کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ گھر کے وہ کون سے حصے ہیں، جن میں سرمایہ کاری پر آپ کو بہتر منافع مل سکتا ہے۔ مثلاً، ایک چلتے ہوئے پُرانے واٹر گیزر کو تبدیل کرنے کے مقابلے میں دیواروں پرنیا پینٹ یا فرش کو بہتر بنانے سے آپ اپنے گھر کی قدر و قیمت میں زیادہ اضافہ کرسکتے ہیں۔