آج کل تعمیر کیے جانے والے جدید طرز کے مکانوں میں ڈائننگ روم کی اہمیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور اس میں 6 سے 12 نشستوں والی بڑی ڈائننگ ٹیبل رکھی جاتی ہے۔ اگرچہ ڈائننگ ٹیبل مغرب کا تحفہ ہے لیکن آج یہ مشرق کے بیشتر گھروں کی زینت بنی نظر آتی ہے۔ ڈائننگ ٹیبل ایک ایسی شے ہے جس کے گرد گھر کے تمام افراد روزانہ اکٹھے ہوکرخوشگوارموڈ میں کھانے کا لطف اٹھاتے ہیں۔ کہتے ہیں ڈائننگ ٹیبل سجا نا ایک آرٹ ہے، تاہم اگر ترتیب میں ’’ ڈائننگ ٹیبل‘‘ سجی ہو تو یہ آرٹ کے ساتھ ساتھ گھر والوں کے مزاج کی عکاسی کرتی ہے۔
اس ٹیبل کا آرام دہ اور اسٹائلش ہونا جتنا ضروی ہے، اتنا ہی اس کا خوبصورتی اور سلیقے سے سجا ہونا بھی۔ ڈائننگ روم سے متعلق ایک عام حقیقت یہ ہے کہ ہر کوئی ڈائننگ ٹیبل کی سجاوٹ سےواقف نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے کہ اکثر گھروں میں ڈائننگ روم چاہے کتنا بھی خوبصورت، قیمتی اور اسٹائلش کیوں نہ ہو، دوسرے افراد کو متاثر نہیں کرپاتا، اس کی وجہ ڈائننگ ٹیبل کی نامکمل یا نامناسب سجاوٹ ہے۔ اس مشکل کے حل کے لیے آج ہم قارئین سے ڈائننگ ٹیبل کی سجاوٹ سے متعلق نت نئے آئیڈیاز شیئر کرنے جارہے ہیں جو آپ کے لیے خاصے کارآمد ثابت ہوں گے۔
ڈائننگ ٹیبل کا انتخاب
ڈائننگ ٹیبل کی ڈیکوریشن سے قبل سب سے پہلا اور ضروری امر ڈائننگ ٹیبل کا انتخاب ہے۔ یہ انتخاب بظاہر جتنا آسان معلوم ہوتا ہے دراصل اتنا ہے نہیں۔مارکیٹ میں ڈائننگ ٹیبل کی بڑھتی مانگ اور خریدوفروخت کےسبب مختلف ڈیزائن اور مٹیریل کی ڈائننگ ٹیبل دستیاب ہیں مثلاًگول، بیضوی، چوکور اور مستطیل شکل میں لکڑی، شیشے اور ماربل کی ماڈرن طرز پر بنی ڈائننگ ٹیبلز۔ ان دنوں دنیا بھر میں لکڑی اور شیشے کی مستطیل اسٹائل پر بنی ڈائننگ ٹیبل سب سے زیادہ مقبول ہے، تاہم اگر آپ کا ڈائننگ روم چھوٹا ہے تو مستطیل کے بجائے گول ڈائننگ ٹیبل کا انتخاب کیجیے، دوسری اہم بات یہ کہ ڈائننگ روم اور کرسیوںکے انتخاب کے دوران کمرے کے رنگ وروغن اور دیگر فرنیچر کے امتزاج کا دھیان بھی ضرور رکھیں۔
کور
اگر آپ ڈائننگ ٹیبل کوصاف رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ڈائننگ کور کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ یہ کور ایک طرف آپ کی ڈائننگ ٹیبل کو جلد گندا ہونے سے محفوظ رکھے گا تو دوسری طرف اس کی مدد سے آپ کی سادہ سی ڈائننگ ٹیبل بھی سج جائے گی۔ ڈائننگ چیئرز کو بھی ڈائننگ روم کی سجاوٹ کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ایک جیسے ڈائننگ کور اور چیئر کور کا انتخاب بھی آپ کی ڈائننگ ٹیبل کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے ڈائننگ روم کا رنگ وروغن ہلکا اور قدرتی رنگوں پر مشتمل ہے تو گہرے رنگ کی ٹیبل کے ہمراہ شوخ رنگ کی کرسیوں کا انتخاب کیجیے ۔ سفید اور ہلکے رنگ وروغن والے ڈائننگ روم کے لیے پیلے رنگ کی شوخ اور خوبصورت سادہ سی کرسیوں کا انتخاب ایک منفرد طرز فراہم کرے گا۔
دوسری جانب اگر آپ کی ڈائننگ ٹیبل کی کرسیاں سادہ ہیں تو انہیں مختلف طریقوں سے خوبصورت اور اسٹائلش بنایاجاسکتا ہے۔ مارکیٹ میں نت نئے اور اسٹائلش سیٹ کور دستیاب ہیں جنہیں کرسیوں پر چڑھا کر بھی ان کی سادگی کو خوبصورتی میں بدلا جاسکتا ہے۔ تاہم گھر میں موجود خوبصورت کپڑوں کے ذریعے (فرل کی صورت ) بھی ڈائننگ کور تیار کیے جاسکتے ہیں۔
فوڈسینٹر پیس
برطانوی انٹیریئر ڈیزائنر نیکوڈی سوئرٹ کے مطابق، ڈائننگ ٹیبل کی سجاوٹ فوڈ سینٹر پیس کے بغیر ادھوری سمجھی جاتی ہے۔ یہ سینٹر پیس ،کوئی آرٹیفیشل یا اوریجنل فروٹ باؤ ل یا ویجیٹیبل باؤل بھی ہوسکتا ہے یا پھر کوئی خوبصورت پھولوں کا گلدان بھی۔ اگر آپ کی ڈائننگ ٹیبل چھوٹی ہے توآپ سینٹر پیس کے طور پر گلدان کے بجائے موسمی پھلوں یا سبزیوں والے باؤل کا انتخاب کیجیے۔ تاہم، بڑے اور کشادہ ڈائننگ روم کے لیے سینٹر پیس واس(گلدان )ایک بہترین انتخاب ہے۔
مغرب میں ڈائننگ ٹیبل کی سجاوٹ کے لیے قدرتی پودوں کا انتخاب کیا جانے لگا ہے۔ یعنی ڈائننگ ٹیبل پر چھوٹے چھوٹے گلدانوں کے ذریعے پلانٹس رکھ کر بھی اس کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کی ڈائننگ ٹیبل زیادہ بڑی نہیں تو کرسٹل جار میں خوبصورت پودوں ،سلور بالزیا پھر کلرفل بالز کی مدد سے بھی ڈائننگ ٹیبل کی شان وشوکت بڑھائی جاسکتی ہے۔
لیمپ
اگر آپ چاہتے ہیں کہ ڈائننگ روم میں داخلے کے ساتھ ہی ہرنگاہ تعریفی کلمات لیے ہو تو ڈائننگ ٹیبل کے مرکز میں اوپری سطح پر ہینگنگ لیمپ کا اضافہ کیجیے۔ فانوس کے لیے ضروری نہیں ہوتا کہ ڈائننگ رو م بڑا اور کشادہ ہو تو ہی یہ جچے گا۔ اگر آپ کا ڈائننگ روم چھوٹا ہے تو آپ اس کے لیے قدرے چھوٹے سے لیمپ کا اضافہ کرکے بھی اس کی شان بڑھاسکتے ہیں۔
عمومی باتیں
ڈائننگ ٹیبل سجانے سے قبل اس کے سائز کا اندازہ لگالیں۔ ٹیبل کے سامنے کرسیوں کو مخصوص یا منطقی اندازمیں رکھیں۔ کوشش کریں کہ ٹیبل کو ہمیشہ صاف رکھیں، اس پر پلاسٹک کی پرنٹڈ شیٹ ڈال دیں اور اس کے اوپر بھی ایک ٹرانسپیرنٹ پلاسٹک بچھادیں، جس میں سے پرنٹڈ شیٹ کا ڈیزائن واضح طور پر نظر آئے۔ ساتھ ہی گہرے رنگ کے میٹس استعمال کریں۔ ٹیبل کی ایک جانب اسٹینڈ پر کانچ کے خوشنما گلاس رکھ دیں۔ طعام کے لیے اگرگوشت کی ڈشیں، نوڈلز یا میکرونی کی ڈشیں رکھنی ہیں تو اس لحاظ سے چمچے اور کانٹے ٹیبل پر رکھ د یں۔ ہمیشہ معیاری ڈنر سیٹ استعمال کریں، تاکہ مہمانوں پر اچھا تاثر قائم ہو۔