• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد پاکستان کیلئے روانہ


آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے 24 سال بعد دورۂ پاکستان کے لیے اڑان بھرلی ہے۔

آسٹریلیا کی فرسٹ چوائس ٹیم آج صبح پانچ بجے اسلام آباد پہنچے گی، پی سی بی حکام ایئرپورٹ پر آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا استقبال کریں گے۔

اسٹیو اسمتھ، عثمان خواجہ اور دیگر کرکٹرز نے روانگی کی تصاویر سوشل میڈیاپر شیئر کردیں۔

آسٹریلوی ٹیم ہوٹل میں دو روز تک بائیو سیکیور ببل میں رہے گی، بائیو سیکیور ببل کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کھلاڑی پریکٹس شروع کریں گے، آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 27 فروری سے 6 اپریل تک پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔

گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998ء کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا تھا، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔

آسٹریلوی ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کے بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائیں گے۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید