آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھکچا لگا ہے، جہاں ممکنہ طور پر اپنا ڈیبیو کرنے جارہے حارث رؤف کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
خیال رہے کہ حارث رؤف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی اور اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اپنی پرفارمنس کی بدولت اہم کردار بھی ادا کیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے حارث کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔
حارث کو قرنطینہ کردیا گیا ہے جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ راولپنڈی ٹیسٹ سے اپنا ڈیبیو نہیں کر پائیں گے۔
خیال رہے کہ حارث رؤف کو اب تک قومی ٹیم کی ٹیسٹ کیپ نہیں مل سکی، لیکن انجری کا شکار ہونے والے حسن علی اور فہیم اشرف کے باہر ہونے کے بعد ان کا آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی فائنل الیون میں شامل ہونے کا امکان تھا۔