• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورانِ تعمیر مکان کو انرجی ایفیشنٹ (توانائی کی بچت) بنانے کے لیے سورج اور ہوا کے مطابق اس کی درست سمت میں تعمیر، سولر سسٹم کی تنصیب، انسولیشن اور وینٹی لیشن پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ ساتھ ہی میٹل، کرومیم ،کنکریٹ اور صنعتی لیبل لگے دیگر مواد کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ گھر میں سردی اور گرمی کو کنڑول میں رکھنے کیلئے انسولیشن بہت اہم ہے کیونکہ درست انسولیشن شدید گرم اور سر د موسموں میں بہت سے اضافی خرچوں سے بھی محفوظ رکھ سکتی ہے۔ انسولیشن کے حوالے سے اعدادوشمار پر نظر ڈالی جائے تو وہ کچھ اس طرح ہے:

٭ اوسط کے لحاظ سے گھر کو گرم یا ٹھنڈا رکھنے پر یوٹیلیٹی بلز کی مد میں سالانہ 54 فیصدخرچ آتا ہے ۔

٭ چھت کی انسولیشن گرمی و سردی کے لیے کیےجانے والے اخراجات میں 40فیصد جبکہ دیواروں کی انسولیشن گرمی یاسردی کو کم کرنے میں 76 فیصد تک کمی لاسکتی ہے۔

٭ اگر چھت انسولیشن والی نہیں ہے تو اسے ٹھنڈا رکھنے کے سلسلے میں کیے جانے والے اخراجات 10فیصد بڑھ جاتے ہیں۔

٭ سلیب سے بنی بنیادوں یا بیسمنٹ کی دیواروں کی انسولیشن سے گرمی کم کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی لاگت میں 10فیصدسے 20 فیصد تک کمی آسکتی ہے۔

گھر کیسے گرم ہوتا ہے؟

گھر میں 26 فیصد گرمی چھت، 33 فیصد دیواروں، 8فیصدگرمی فرش، 3 فیصد گرمی دروازے کے سوراخوں، 18فیصد کھڑکیوں کے رخنوں اور 12فیصدگرمی روشن دانوں وغیرہ سے در آتی ہے۔

انسولیشن کی اقسام

انسولیشن کی چار اقسام عام ہیں، جو آپ کے گھر میں گرمی کی شدت میں کمی یا زیادتی لاسکتی ہیں، جس کا انحصار گھر سے باہر کے موسم پر ہوتا ہے۔

فائبر گلاس انسولیشن : انسولیشن کی یہ سب سے عام قسم ہے، جو رخنوں یا خالی جگہوں میں لگائی جاتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ نہ صرف سستی ہوتی ہے بلکہ گھر وں کیلئے سب سے آسان انسولیشن ہے، جس سےگھر بھی متاثرنہیں ہوتا۔ ایک اور فائدہ یہ بھی ہے کہ اس میں آگ نہیں لگتی اور آپ کا گھر محفوظ رہتاہے۔ 

یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر لوگ فائبر گلاس انسولیشن کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ انسولیشن شہتیروں، بیمز اور کھمبوں کے درمیان لگائی جاتی ہے، تاہم اس کی تنصیب کے وقت خیال رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اس کے لگانے کے دوران آپ کے پھیپھڑے یا جِلد متاثر ہو سکتی ہے۔ اسی لئے جب انسولیشن لگائی جارہی ہو تو آپ کو اس سے دور رہنا چاہیے۔ فائبر گلاس وقت کے ساتھ ساتھ جھڑتا رہتا ہے، اس لیے اسے گاہے بگاہے دوبارہ لگانا پڑتا ہے۔

اسپرے فوم انسولیشن: اس قسم کی انسولیشن اسپرے ہولڈ ر کی مدد سے کی جاتی ہے، جس کے لیے گھرکے مخصوص مقامات پر کنٹینرز استعمال ہوتے ہیں۔ اس قسم کی انسولیشن کیلئے بہترین جگہیں نئی دیواروں کے خلا، غیر مکمل چھت یا موجودہ دیواریں ہوتی ہیں۔ 

اگرچہ کہ فوم اسپرے ہولڈر سے اسپرے کیا جاتاہے لیکن یہ بہت بڑی مقدار میں foamed-in-placeطریقے سے بھی لگایا جاسکتا ہے۔ یہ ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ فوم انسولیشن قدرے مہنگی ہوتی ہے۔ مزید یہ کہ اس سے بہت گندگی بھی ہو جاتی ہے۔ یہ چونکہ کیمیکلز سے بنا ہوتا ہے، اس لئے اس کے استعمال کے دوران سانس کے مریض کو مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ اس لیے مشورہ دیا جاتا ہے کہ اس کام کے لیے تجربہ کار ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ ہر جگہ پر فوم برابر کی سطح پر لگایا جاسکے۔

منرل وول انسولیشن : اسے روک وول انسولیشن بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بھی فائبر گلاس کی طرح ہوتی ہےا ور لگانے میں آسان ہے۔ یہ تھیلوں میں آتی ہے اور انہی کے ذریعے مخصوص جگہوں پر براہ راست انڈیل دی جاتی ہے۔ یہ انسولیشن بلند درجہ حرارت کو بھی برداشت کرلیتی ہے یہاں تک کہ انسولیشن کی دیگر اقسام کے مقابلے میں ایک ہزار ڈگری کے درجہ حرارت کو بھی برداشت کرلیتی ہے۔

اس مٹیریل سے انسولیشن کے بعد گھر بھی ساؤنڈ پروف ہوجاتا ہے۔ یہ فائبر گلاس کے مقابلے میں قدرے مہنگی ہوتی ہے اور مارکیٹ میں بآسانی دستیاب بھی نہیں ہوتی۔ اس کو لگانے کے دوران حفاظتی اقدامات کرنے ضروری ہوتے ہیں، ورنہ اس کے ذرات آپ کے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

سیلولوز انسولیشن : اگر آپ اپنے گھر کی انسولیشن کیلئے اورگینک طریقہ ڈھونڈ رہے ہیں تو سیلولوز انسولیشن (Cellulose insulation) آپ کیلئے بہترین انتخاب ہے۔ اس قسم کی انسولیشن زیادہ تر ری سائیکل کیے گئے کاغذوں، خاص طورپر اخبارات اور کبھی کبھار کارڈبورڈ اور دیگر اقسام کے کاغذوں سے کی جاتی ہے۔ اس کے بعد یہ مٹیریل کیمیکلزکے ذریعے انسولیشن میں ڈھالا جاتاہے۔ 

یہ انسولیشن گھر کو نمی، گرمی اور کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ نمی کو جذب کرنے کی وجہ سے سیلولوز انسولیشن وقت کے ساتھ ساتھ خراب ہونے لگتی ہے۔ اسی لیے ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ یہ انسولیشن ہر 5سال بعد دوبارہ کروانی چاہیے۔ مزید یہ کہ سیلولوز انسولیشن روایتی فائبر گلاس انسولیشن کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہےاور ا س کی انسٹالیشن کے وقت بہت زیادہ دھول اُڑتی ہے۔ یہ انسولیشن خشک ہو یا گیلی، اس کی انسٹالیشن کے وقت آپ کو ناک منہ ڈھانپ لینا چاہیے۔

انسولیشن کی پیمائش

بہترین انسولیشن کی پیمائش معلوم کرنے کیلئے R-valueکے فارمولے پر عمل کیا جاتاہے۔ آر ویلیو کی بنیاد پر مٹیریل کی پیمائش ہوتی ہے کہ وہ کس قدر گرمی کو جذب یا نکالنے کی صلاحیت رکھتاہے۔ جس مٹیریل کی آر ویلیو جتنی زیادہ ہوگی، وہ انسولیشن کے لئے اتنا ہی بہتر ہوگا جیسےکہ Polyisocyanurate کی آرویلیو7.2ہے اور رجڈ فائبر گلاس کی 4، تو پہلے والا زیادہ بہتر ہے۔