پشاور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے بانی رہنما پشاور کے ڈویژنل صدر و سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب نے کہا ہے کہ پشاور نوشہرہ چارسدہ مہمند اور خیبر کے اضلاع میں لانگ مارچ کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، پرویز خٹک اپوزیشن سے خفیہ رابطے کر رہے ہیں، جیالے، مزدور، کسان اور نوجوان نئے جذبہ سے میدان میں نکل آئے ،بڑھتی نفرت سے حکمرانوں کے ایوان میں بھونچال آ گیا ۔ جیالے مزدور کسان طلبا اور نوجوان نااہل حکمرانوں کا بوریا بستر گول کروانے کے لئے نئے جذبہ سے میدان میں نکل آئے ہیں۔ جیالوں کے جوش و جذبہ اور حکمرانوں کے خلاف عوام کی بڑھتی ہوئی نفرت سے حکمرانوں کے ایوان میں بھونچال آ گیا ہے جبکہ وزیراعظم گھبرا گئے ہیں ان کی ٹانگیں کانپنے لگی ہیں اور نیند حرام ہو گئی ہے۔