• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شین وارن انتقال سے قبل کیا کررہے تھے؟ مینجر کاحیران کُن انکشاف

تھائی لینڈ میں چھٹیاں گزارنے جانے والے آسٹریلوی کرکٹ لیجنڈ شین وارن کے آخری لمحات کے حوالے سے مینجر نے حیران کُن انکشافات کیے ہیں۔

شین وارن جمعے کی شام تھائی لینڈ میں اپنے ہوٹل کے کمرے سے راولپنڈی میں ہونے والے تاریخی ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پاکستان کیخلاف کھیلتا دیکھ رہے تھے۔

جیمز ایرسکائن نے کہا کہ 52 سالہ سین وارن کو ان کے دوست اینڈریو نیوفیٹو نے اس وقت بے ہوش پایا جب وہ ایک طے شدہ ڈنر سے قبل شین وارن کے تھائی لینڈ ہوٹل کے کمرے میں گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شین وارن آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تاریخی  ٹیسٹ میچ ٹیلی ویژن پر دیکھتے ہوئے بے ہوش ہوئے اور اپنی زندگی کی آخری سانس لی ۔

بتایا جارہا ہے کہ شین وارن نے آخری دفعہ ویجیمیٹ ٹوسٹ کھایا تھا۔

خیال رہے کہ جمعے کے روز 52 سالہ شین وارن دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

اس حوالے سے کرکٹر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شین وارن تھائی لینڈ کے وِلا میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا تھا۔

اس معاملے کی تحقیقات کرنے والی تھائی لینڈ پولیس کا کہنا ہے کہ جس کمرے میں شین وارن ٹھہرے ہوئے تھے اس میں زمین پر خون کے کافی دھبے ملے۔

مقامی پولیس کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ شین وارن کے کمرے میں خون کے دھبے زیادہ تھے، جبکہ تولیے پر بھی خون کے نشانات ملے۔

انہوں نے بتایا کہ جب شین وارن کو سی پی آر دیا گیا اس وقت ان کے منہ سے خون نکلا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید