آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے گزشتہ روز انتقال کر جانے والے اسپن جادوگر شین وارن کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن سے پہلی ملاقات کا احوال بیان کردیا۔
رکی پونٹنگ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شین وارن کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ 15 سال کے تھے تب ان کی پہلی ملاقات شین وارن سے اکیڈمی میں ہوئی تھی۔
رکی پونٹنگ نے بتایا کہ کہ شین وارن نے انہیں ایک عرفی نام دیا، ہم ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ساتھی تھے۔
انہوں نے کہا کہ شین وارن نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ کر بھی ایک ایسی شخصیت بنے رہے جس پر آپ ہمیشہ بھروسہ کر سکتے تھے۔
وہ ایک ایسا شخص تھا جو اپنے خاندان سے پیار کرتا تھا، جب آپ کو اس کی ضرورت ہو تو وہ آپ کا ساتھ دیتا تھا۔
انہوں نے شین وارن کو آسٹریلیا کا عظیم کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج تک جتنے کھلاڑیوں کے ساتھ یا جتنے کھلاڑیوں کے مخالف کھیلا اُن میں سب سے عظیم شین وارن کو پایا۔
آسٹریلیا کے بے مثال کرکٹر شین وارن گزشتہ روز 52 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں بے شمار اعزازات اپنے نام کیے۔
شین وارن نے دنیا میں لیگ اسپن کو نئی زندگی دی، رائٹ آرم بولر شین وارن نے ٹیسٹ ڈیبیو 1992 میں بھارت اور ون ڈے ڈیبیو اگلے برس نیوزی لینڈ کے خلاف کیا ۔
انہوں نے145 ٹیسٹ میں 708 اور 194 ایک روزہ میچز میں 293 شکار کیے۔ انہیں ٹیسٹ میچز 3154 اور ون ڈے 1018 رنزبنانے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ وہ جادوگر تھے، ان کی انگلی کے اشارے سے گیند ناچتی تھی، ان کی 1993 کی ایشز سیریز میں اولڈ ٹریفورڈ میں کی گئی گیند کو ’بال آف دی سنچری‘ قرار دیا گیا۔