پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا، پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 459 رنز پر ڈھیر ہوجانے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 252 رنز بنائے تھے۔
پاکستانی اوپنرز امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق کے سامنے دوسری اننگز میں آسٹریلوی بولرز بے بس دکھائی دیے، دونوں کھلاڑیوں نے اپنی سنچریاں مکمل کیں۔
عبداللہ شفیق 136 اور امام الحق 111 رنز پر ناقابلِ شکست رہے۔
ٹیسٹ کے آخری دن کے اختتام پر قومی ٹیم نے 252 رنز بنائے تھے۔
اس سے قبل میچ کے آخری دن آسٹریلین ٹیم پاکستان کے پہلی اننگز کے اسکور 476 کے جواب میں 459 رنز ہی بناسکی اور یوں پاکستان کو دوسری اننگز شروع کرنے سے قبل ہی 17 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر نعمان علی رہے جنہوں نے 107 رنز کے عوض 6 آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ نے 2 وکٹ حاصل کیے۔
پنڈی ٹیسٹ میں آج پانچویں اور آخری دن آسٹریلوی ٹیم نے 449 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا آغاز کیا تو مچل اسٹارک 12 اور آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز 4 رنز پر کھیل رہے تھے۔
پاکستانی اسپنر نعمان علی نے جلد ہی 8 رنز بنانے والے پیٹ کمنز اور 3 رنز بنانے والے نیتھن لیون کی وکٹ حاصل کرلی جبکہ مچل اسٹارک کو شاہین آفریدی نے پویلین روانہ کیا تھا۔
پہلی اننگز میں پاکستان نے 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی جہاں اظہر علی نے 185 اور امام الحق نے 157 رنز بنائے تھے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 12 مارچ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔